ہفتہ 7 فروری 2026 - 20:57
دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں جن کا مقابلہ ہم سب کو مل کر کرنا ہے

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین مولانا علی اصغر عرفانی نے کہا: آج ہم  سب ایک ایسے المناک واقعہ سے سخت دکھ اور صدمے کی حالت میں ہیں جس نے نہ صرف ہمارے ملک بلکہ پوری انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اسلام آباد کی مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والا خودکش دھماکہ نہ صرف ایک عبادت گاہ پر حملہ ہے بلکہ اسلام کے پیغام امن، اخوت اور انسانیت کے بنیادی اصولوں پر وار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت بلوچستان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین علی اصغر عرفانی نے کہا: یہ حملہ ہر اس تعلیم اور ہر اس نظریے کی نفی ہے جو اسلام ہمیں دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اسلام کبھی بھی بے گناہوں کے قتل، خواتین، بچوں اور معصوم نمازیوں پر حملوں کی اجازت نہیں دیتا۔ مسجدیں تو اللہ کا گھر ہیں، یہاں امن کی دعائیں مانگی جاتی ہیں، یہاں محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ہم اس بے ہودہ اور وحشیانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

جامعہ روحانیت بلوچستان کے صدر نے اس افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والے تمام بے گناہ افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے فوری شفایاب ہونے کی بھی دعا کی۔

انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔

حجت الاسلام عرفانی نے کہا: ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسے واقعات میں متحد رہے، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت سے بچے اور مل کر دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط محاذ بنائیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائے، ہمیں امن اور استحکام عطا فرمائے اور ہمارے ملک کو ہر قسم کی بدامنی اور دہشتگردی سے محفوظ رکھے۔ آمین۔

انہوں نے کہا: یہ واقعہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں رواداری، محبت اور باہمی احترام کے جذبات کو کیسے مضبوط کریں۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ لوگ کسی مذہب کے نمائندے ہوتے ہیں۔ یہ صرف انسانیت کے دشمن ہیں جن کا مقابلہ ہم سب کو مل کر کرنا ہے۔ اللہ پاک ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ آمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha